ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک آنے والوں کا سیوا سندھو پر رجسٹر کرانا لازمی

کرناٹک آنے والوں کا سیوا سندھو پر رجسٹر کرانا لازمی

Mon, 08 Jun 2020 12:44:11    S.O. News Service

بنگلورو، 8؍ جون (ایس او نیوز) دیگر ریاستوں سے کرناٹک آنے والے افراد کو ریاست آنے سے قبل سیوا سندھو ویب سائٹ پر رجسٹر کرانا لازمی ہے، چیف سکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر نے محکمہ ریلویز کو مکتوب لکھا ہے کہ وہ جن ریاستوں سے ٹرینوں میں مسافروں کو سوار کراتے ہیں، وہاں ٹرینوں میں سفر سے قبل سیوا سندھو ایپ پر مسافروں کا رجسٹریشن لازمی طور پر کرانے کے اعلانات کریں۔ اس طرح یہ بات معلوم ہوسکے گی کہ کرناٹک میں کتنے لوگ داخل ہورہے ہیں۔ روازنہ نئی دہلی، بہار، مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں سے ٹرینوں کے ذریعہ کرناٹک آرہے ہیں۔ لیکن ان میں اکثریت سیوا سندھو پورٹل پر رجسٹر نہیں کراتے ، جس کے سبب ان کی تعداد کے بارے میں پتہ نہیں چلتا۔ اس لئے ریلوے اسٹیشنوں میں اعلان کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اگر سیوا سندھو پورٹل پر رجسٹر نہ کرانے والے افراد ٹرینوں سے کرناٹک پہنچیں گے تو ان کو کوارنٹائن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

چیف سکریٹری وجئے بھاسکر نے کہا کہ بیرونی ریاستوں سے آنے والے افراد کو لازمی طور پر کوارنٹائن میں رکھا جائے گا۔ ریلوے اسٹیشن میں اترنے کے بعد انہیں سیدھے کوارنٹائن مراکز بھیج دیا جائے گا، یہ کوارنٹائن مراکز ریاست کے ہاسٹلوں ، اسکولوں وغیرہ میں قائم کئے گئے ہیں، جو افراد ہوٹل کا بل ادا کرسکتے ہوں، وہ ہوٹل میں بھی کوارنٹائن میں رہ سکتے ہیں۔


Share: